جامعتہ المومنات میں جلسہ عیدمیلادالنبیؐ‘ مفتیہ رضوانہ زرین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔3ڈسمبر ( راست ) جامعتہ المومنات مغلپورہ کا جلسہ عید میلاد النبیؐ برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے کہا کہ حضورؐ کی حیات طیبہ کا ایک ایک لمحہ مینارۂ نور سے جدا نہیں ‘ آپؐ کا اسوہ حسنہ سراپا قرآن ہے جس کے ذریعہ دنیا و آخرت کے تمام تر نعمتوں کا حصول ممکن ہے ۔ اللہ کے رسولؐ کے خواتین پر بہت احسانات ہیں ‘ اللہ کے رسولؐ نے عورت کو ذلت سے اتار کر عزت و وقار کے منصب پر بلند فرمایا ۔ لڑکیوں کو زندہ دفن کرنے سے منع کیا ‘ عورت کو میراث کا حقدار قرار دیا ‘ بیوؤں سے نفرت کو دور کروایا ۔ جلسہ کا آغاز حافظہ محمدی زرین رومانہ صبا کی قرات ‘ حافظہ رمیصاء افشیں ‘ قاریہ شفاء ناز ‘ حافظہ فریعہ نورین کی نعت شریف سے ہوا ۔ مفتیہ ناظمہ عزیز نے کہا کہ والدین کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش بہتر طریقہ سے کریں جس کیلئے اللہ کے رسولؐ کے اسوہ حسنہ کو اپنائیں ۔ مفتیہ تہمینہ تحسین نے کہا کہ حضورؐ اس بات کو پسند فرماتے تھے کہ آپ کے اہل خانہ بھی آپ کی طرح سادگی اور عبادت الٰہی میں زندگی گذاریں ۔ حافظہ بدرالنساء نے کہا کہ حضورؐ اتنی سادگی سے زندگی بسر کئے کہ آپ کبھی چھنے ہوئے آٹے کی روٹی نہیں کھائے ۔ مفتیہ رقیہ شکیل نے کہا کہ حضورؐ کے ساری دنیا پر احسان ہے اور آپ نے فرمایا کہ میں زحمت دینے والا نہیں بلکہ رحمت بناکر بھیجا گیا ہوں ۔ مفتیہ سمیرہ خاتون نے کہا کہ حضورؐ کی شفاعت تمام گناہگار اُمت کیلئے واجب ہے ۔ مفتیہ تسلیمہ نسرین نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے حضورؐ کے مقام و مرتبہ کو بہت بلند بالا فرمایا ہے۔ مفتیہ شہناز فاطمہ نے کہا کہ حضورؐ کے چند ایسی خصوصیات ہیں جودوسرے نبیوں کی نہیں تھی جیسا کہ آپؐ کو حوض کوثرکا عطا کیا جانا ۔ سلام و دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔