بچوں کی تقریب میں ریوالور ساتھ رکھنے پر مہاجن کی مدافعت

ممبئی۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا آج مہاراشٹرا کے وزیر گریش مہاجن کے دفاع میں آگئی جنھوں نے بچوں کی ایک تقریب میں اپنے کمربند میں ریوالور کے ساتھ شرکت کی تھی۔ شیوسینا نے کہاکہ سابق حکومت کے ’’نراج کے اقتدار‘‘ کی وجہ سے عوام اپنی حفاظت کے لئے برسرعام ہتھیار ساتھ رکھنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ گزشتہ حکومت کے دور اقتدار میں انارکی کے غلبہ سے ایک پائیدار تاثر عوام کے ذہنوں میں پیدا ہوا ہے اور مہاجن بھی ابھی تک اِس ذہنیت سے چھٹکارا نہیں پاسکے۔ شیوسینا کے ترجمان ’سامنا‘ میں شائع شدہ ایک اداریہ میں کہا گیا کہ اگر اُنھوں نے ریوالور اپنے ساتھ رکھا تھا تو اِس میں غلطی کیا ہے۔ جس کے پاس بھی لائسنس ہو اُسے ہتھیار اپنے ساتھ رکھنے کا حق حاصل ہے۔

18 سالہ لڑکی کو گولی مار کر ہلاک کردینے والا گرفتار
بنگلورو ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کالج کے احاطہ میں صدمہ انگیز فائرنگ کے ذریعہ ایک 18 سالہ طالبہ کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا اور اُس کے کمرہ میں شریک لڑکی زخمی ہوگئی۔ یہ واقعہ مبینہ طور پر شہر کے مضافاتی علاقہ ہاسٹل میں پیش آیا جہاں ایک اٹنڈر زبردستی داخل ہوگیا تھا جس کی شناخت بحیثیت مہیش کی گئی اور اُسے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا گیا۔ اُس نے کل رات گوتمی کو ہلاک کرنے کے بعد مقام واردات پرگتی کالج کوڈوگوڑی سے راہ فرار اختیار کی تھی۔ زخمی لڑکی خطرہ سے باہر ہے اور ایک خانگی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ بنگلورو پولیس کمشنر ایم ایم ریڈی نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ متاثرہ لڑکی کے چہرے پر گولی کے زخم آئے تھے جس کے لئے اُس کا آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹر کے بموجب اُس کی حالت اب بہتر ہے۔ ریڈی نے کہاکہ مہیش کالج میں گزشتہ دو سال سے ملازم تھا۔ اس ہلاکت کے پس پردہ وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔