ممبئی ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اداکارہ کرشمہ کپور کے علحدہ شدہ شوہر سنجے کپور نے خاندانی مقدمات کی ایک عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے دو بچوں کی تولیت دینے کی درخواست کی ہے۔ سنجے کپور نے گذشتہ ماہ دائر کردہ درخواست میں اپنے دو بچوں سمائرا اور کیان راج کو اپنی تحویل میں دینے کی استدعا کی ہے۔ یہ جوڑا ناقابل مصالحت اختلافات کے سبب گذشتہ دو سال سے علحدہ زندگی بسر کررہا ہے جس کے پیش نظر شوہر نے یہ قدم اٹھایا ہے۔
کشمیر میں ایک اور نوجوان کا اغواء اور قتل
سرینگر۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر کے شوپیان ڈسٹرکٹ میں ایک نوجوان کا اغواء کرنے کے بعد اسے نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ گذشتہ شب شوپیان کے موضع پنجور سے تین نامعلوم بندوق برداروں نے نصیر احمد میر نامی نوجوان کا اغواء کیا۔ بعد ازاں قریب میں ہی واقع موضع نادیگام کے ایک باغ میں وہاں کے مقامی لوگوں نے نصیر احمد کی نعش دیکھی جس پر گولیوں کے نشان تھے۔ پولیس اپنی تحقیقات میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ آخر نصیر احمد کا اغواء اور قتل کیوں کیا گیا۔ گذشتہ دو دنوں میں کسی نوجوان کی ہلاکت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اتوار کے روز سوپور میں بھی ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔