کولکتہ ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال سی آئی ڈی نے جلپائی گوڑی میں ایک بچہ سے متعلق انسانی اسمگلنگ کے مقدمہ میں بی جے پی کی رکن راجیہ سبھا روپا گنگولی سے آج یہاں پوچھ گچھ کی ۔ سی آئی ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ایجنسی کے عہدیدار جنوبی کولکتہ میں روپا گنگولی کی رہائش گاہ پہونچے تھے جہاں انہوں نے بی جے پی کی شعبہ خواتین کی سابقہ جنرل سکریٹری جوہی چودھری سے مبینہ ملاقات کے بارے میں پوچھ گچھ کی ۔ جوہی چودھری کو گرفتار کیا جاچکا ہے جو اس مقدمہ کی اصل ملزمہ ہے ۔ سی آئی ڈی نے اس سال کے اوائیل میں بچوں کی اسمگلنگ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کیا تھا جو بعض بیرونی شہریوں کو غیر قانونی نوعیت کے لئے کمسن بچے اور بچیاں فروخت کررہا تھا ۔ بعد ازاں روپا گنگولی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’وہ (سی آئی ڈی عہدیدار) اس مسئلہ کو سمجھنے اور حل کرنے کیلئے مجھ سے چند سوالات کرنا چاہتے تھے ۔ میں جو کچھ جانتی تھی وہ سب کچھ کہہ چکی ہوں ۔ میرے خلاف کوئی الزام نہیں ہے ۔ یہ ایک سیاسی انتقام اور پہلے دن سے میں یہ کہتی رہی ہوں ۔ وہ (سی آئی ڈی) وقت ضائع کررہے ہیں ‘‘ ۔
دارجلنگ میں پولیس کیساتھ جھڑپیں
دارجلنگ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چند ہفتوں تک نسبتاً امن قائم رہنے کے بعد دارجلنگ کی پہاڑیوں میں پھر سے تشدد پھوٹ پڑا جب موافق گورکھا لینڈ حامیوں کی آج سوکنا علاقے کے قریب پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوگئی۔ اِن لوگوں کی غیر معینہ ہڑتال کا آج 45واں دن رہا۔ دارجلنگ ضلع نظم و نسق ذرائع کے مطابق موافق گورکھا لینڈ حامی چاقوؤں، تلواروں اور روایتی ہتھیاروں سے لیس تھے اور وہ زبردستی سیلیگوڑی میں گھسنا چاہتے تھے۔