بچوں کیخلاف جرائم کی تحقیقات کو ترجیح : پاٹل

ممبئی ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ ریاست مہاراشٹرا آر آر پاٹل نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ وہ ایسے جرائم کی تحقیقات کو دیگر جرائم پر ترجیح دیں جن کا بچوں کے خلاف ارتکاب کیا گیا ہو۔ تھانے پولیس کمشنریٹ میں کل شام چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کو ہراساں کرنے، اذیتیں دینے اور ان کے ساتھ ناانصافی کرنے والے جرائم کی تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے انہیں دیگر جرائم کی تحقیقات پر ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سی پی یو کا تجربہ تھانے میں کامیاب رہا تو بعدازاں اسے پوری ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تھانے بچہ مزدوری سے پاک مقام کے طور پر جانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خواتین سے متعلق اسی نوعیت کے پروگرام کا ممبئی میں اور معمر شہریوں کے لئے پونے میں بہت جلد آغاز کرے گی۔

ٹرینوں میں ڈکیتیوں کیلئے سیمی ذمہ دار ؟ بی جے پی
پٹنہ ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی میں اپوزیشن بی جے پی نے ریاست میں ٹرین میں ڈکیتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کو موضوع بناتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی کہ آیا ڈکیتیوں میں اضافہ کی وجہ کہیں سیمی کو ملنے والے فنڈس تو نہیں؟ جس کا جواب دیتے ہوئے حکومت نے کہا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کروائی جائے گی۔ اس معاملہ کو سنگین قرار دیتے ہوئے منسٹر انچارج برائے داخلہ وجے چودھری نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملہ کی تحقیقات کروائی جائے گی کہ آیا ٹرینوں میں ڈکیتیوں کا دہشت گردی سے تعلق ہے یا نہیں اور اسی کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔ وقفہ صفر کے دوران قائد اپوزیشن نندکشور یادو نے کہا کہ ٹرینوں میں ڈکیتیوں کے واقعات کی چھان بین نہیں کی جاتی، لہٰذا ریاستی حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ دینی چاہئے۔