بچوں کو اردو ماحول فراہم کرنے کا مشورہ

محفل خواتین کی کارکردگی کی ستائش ، پروفیسر فاطمہ پروین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( راست ) : محفل خواتین کی کارکردگی لائق ستائش ہے ۔ یہ محفل ہمارے ادبی اقدار کو فروغ دے رہی ہے ۔ اس محفل کو کامیابی سے ہم کنار کرنے والی شخصیتیں قابل مبارکباد ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر فاطمہ پروین نے کیا جو محفل خواتین کے ماہانہ ادبی اجلاس سے مخاطب تھیں جو 28 دسمبر کو اردو ہال میں منعقد ہوا ۔ مہمان خصوصی محترمہ لکشمی دیوی راج نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اردو ماحول مہیا کریں ۔ پروفیسر حبیب ضیا نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ کینڈا کی اردو تنظیم حیدرآباد دکن فاونڈیشن آف کینڈا سے جناب خواجہ کمال الدین اور جناب بشیر بیگ کی خواہش پر عہدیداران محفل کو مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ۔ مقابلوں میں انعام اول ، دوم اور سوم آنے والی خواتین کو محترمہ فاطمہ پروین اور محترمہ لکشمی دیوی راج کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ پروفیسر حبیب ضیا کی جانب سے خصوصی انعام بھی دیا گیا ۔ خواتین اور طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبی انعامات مبلغ 6000 روپئے ڈاکٹر حمیرا جلیلی ، طاہرہ محمود علی ، فرزانہ سہیل جلیلی ، مظفر النساء ناز ، عطیہ نور الحق اور پروفیسر حبیب ضیا اور محفل خواتین کی جانب سے تقسیم کئے گئے ۔ انعام دوم حاصل کرنے والی محترمہ انیس عائشہ نے اپنی انعامی رقم محفل خواتین کو بطور عطیہ مرحمت فرمائی ۔ انعامات پانے والی خواتین نے اپنے مضامین پیش کئے ۔ جلسہ کی کارروائی محترمہ ثریا جبین نے بحسن و خوبی انجام دی ۔ بعد ازاں مظفر النساء ناز کی نظامت میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس میں خیر النساء علیم ، عاصمہ خلیل ، عاتکہ نور ، اسریٰ تبسم ، اطہری فضا ، نسرین نور ، تسنیم جوہر ، مظفر النساء ناز ، منور النساء منور اور محترمہ عزیز النساء صبا نے اپنا کلام پیش کیا ۔ جلسہ کی نگرانی محترمہ عزیز النساء صبا نے کی ۔ محترمہ عطیہ نور الحق کے شکریہ پر محفل اختتام کو پہنچی ۔ اس موقعہ پر خواتین اور طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی ۔۔