رائے پور۔10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) بھلائی اسٹیل پلانٹ میں ہوئے دھماکہ کے ایک دن بعد، جس میں 11 ملازمین کی ہلاکت ہوگئی، چہارشنبہ کو اس پلانٹ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او ) کو برطرف اور دیگر دو سینئر عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ یہ بات مرکزی وزیر اسٹیل چودھری بریندر سنگھ نے بھلائی ٹائون میں جواہر لال نہروہاسپٹل میں اس پلانٹ کے زخمی ملازمین سے ملاقات کرنے کے بعد کہی۔ منگل کو ڈرگ ڈسٹرکٹ میں اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹڈ (SAIL) کے پلانٹ میں گیس پائپ لائین دھماکہ میں نو لوگ فوت اور دیگر 14 زخمی ہوگئے تھے۔ بھلائی میں جواہر لال نہرو ہاسپٹل کے برنس یونٹ میں شریک 14 زحمیوں میں دو ملازمین منگل کو رات دیر گئے زخموں سے جانبر نہ ہوں گے۔ اسٹیل پلانٹ کے ایک پبلک ریلیشنس آفیسر نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ بریندر سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ سی ای او ایم روی کو فوری اثر کے ساتھ برطرف کردیا گیا ہے۔ جبکہ جنرل منیجر (سیفٹی ڈپارٹمنٹ) ٹی پانڈے راجا اور ڈپٹی جنرل منیجر (انرجی ڈپارٹمنٹ) نوین کمار کو معطل کردیا گیا ہے۔