بوکو حرم کے شوہروں کے ہاتھوں بیویاں ذبح

میڈوگری۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بیسیوںنائجیریائی خواتین جنہیں بوکو حرم کے جنگجوؤں سے شادی کرنے پر مجبور کردیا گیا تھا ، مبینہ طور پر ان کے شوہروں نے خود اپنی بیویوں کے گلے کاٹ دیئے۔ شمال مشرقی قصبہ رما میں ایک جنگ شروع ہونے سے پہلے جنگجوؤں نے اپنی بیویوں کو قتل کردیا۔ 5 عینی شاہدین نے اس قتل عام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلام پسند عسکریت پسندوں کو خوف تھا کہ وہ پیشرفت کرنے والے فوجیوں کے ہاتھوں ہلاک ہوجائیں گے چنانچہ قصبہ سے فرار ہونے سے پہلے انہوں نے اپنی بیویوں کو قتل کردیا تاکہ وہ ان کے بعد دیگر فوجیوں یا بے دین لوگوں سے شادی نہ کرسکیں۔ دہشت گردوں نے کہا کہ وہ اپنی بیویوں کی بے دینوں سے شادی برداشت نہیں کرسکیں گے۔ نائجیریا کی فوج پڑوسی ممالک کیمرون ، چاڈ اور نائجیر کی افواج کے ساتھ اتحاد کے ذریعہ حالیہ ہفتوں میں سنگین خطروں سے اپنے غیرمحفوظ شہریوں کو بچانے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔