ابوجا23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا میں زمینی فوجی دستوں نے اسلامی شدت پسندوں کے گروہ بوکو حرام کے خلاف زمینی کاروائی شروع کر دی، فوج کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ملک کے شمال مشرق میں واقع سیمبیسا کے جنگل میں بوکو حرام کے کئی اڈے ہیں جنھیں اس سال فروری سے فضائی بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ چیبوک سکول کی وہ طالبات جنھیں گزشتہ سال اغوا کیا گیا تھا، انھیں انہی جنگلوں میں قید رکھا گیا ہے۔ نائیجیریا کی فوج نے جسے ہمسایہ ممالک کے فوجی دستوں کی مدد حاصل ہے، فروری میں بوکو حرام کے خلاف کاروائی شروع کی تھی اور بہت سے ایسے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس پر شدت پسندوں نے پچھلے سال تک قبضہ کر رکھا تھا اغوا ہونے کے تھوڑے ہی عرصے بعد بوکو حرام کی حراست سے فرار ہونے والی طالبات نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انھیں سیمبیسا کے جنگل میں شدت پسندوں کے کیمپوں میں رکھا گیا تھا۔