بوکو حرام نے 22 خواتین کا اغواء کرلیا

کانو ۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) بوکو حرام کے اسلام پسندوں نے جنوب مشرقی نائجیریا میں دو علحدہ مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے 22 خواتین اور لڑکیوں کا اغواء کرلیا ۔ مقامی افراد اور سرگرم سماجی کارکنوں نے یہ بات بتائی ۔ پہلا حملہ جمعرات کو کیمرون کی سرحد سے قریب ایک دیہات پر کیا گیا جہاں سے 18 لڑکیوں کا اغواء کرلیا گیا ۔ پلکا طبقہ کے ایک لیڈر نے فون پر بتایا کہ نمان نور کیمپ سے بوکو حرام کے جنگجو ویانس میں یہاں پہنچے اور 17 سال اور اس سے کم عمر لڑکیوں کا اغواء کرلیا جبکہ گاؤں کے جھاڑیوں میں فرار ہوگئے ۔ انھوں نے چار لڑکیوں کا بھی گاؤں کے باہر اس وقت اغواء کرلیا جب وہ جھاڑیوں میں فرار ہونے کی کوشش کررہی تھیں۔ کمیونٹی لیڈر نے انتقامی کارروائی کے ڈر سے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ دوسرا واقعہ ڈومبا کے ایک گاؤں میں پیش آیا جہاں جہادیوں نے ایک چرواہے کو ہلاک کردیا کیونکہ وہ ان کے تحفظ کیلئے تاوان ادا کرنے سے انکار کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا ۔ بوکو حرام کے بندوق بردار جب گاؤں پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ یہ شخص اپنا مال و اسباب لے کر گاؤں سے چلا گیا ۔ چنانچہ انھوں نے تعاقب کرتے ہوئے ڈومبا کے قریب اسے پکڑلیا اور اسے گولی ماردی ۔ اس کے علاوہ 50 جانوروں کو بھی ہلاک کردیا ۔ وہ اس کے ارکان خاندان میں شامل چار خواتین اور مابقی جانور اپنے ساتھ لے گئے ۔