ابوجا، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) بوکو حرام کے مشتبہ جنگجوؤں نے نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے سے مزید 20 خواتین کو اغوا کرلیا ہے۔ گزشتہ روز کی یہ واردات چیبوک نامی اس گاؤں کے قریب رونما ہوئی، جہاں سے اس شدت پسند تنظیم کے جنگجوؤں نے 14 اپریل کو 200 سے زائد طالبات کو اغوا کیا تھا۔ عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدت پسندوں نے اسلحے کے زور پر ان خواتین کو اغوا کیا۔ وزارت دفاع نے کہا کہ بورنو ریاست میں ہی کارروائی میں بوکو حرام کے 50 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بوکو حرام نے نائجیریا میں اسلامی مملکت قائم کرنے کیلئے 2009 ء سے پرتشدد کاروائیاں شروع کی ہیں جن میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
گاندھی جی کے ’’ٹالسٹائے فارم‘‘
کے احیاء کیلئے مدھیہ پردیش کا عطیہ
جوہانسبرگ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ میں مہاتما گاندھی کی روایت پروان چڑھانے کیلئے اُن کی پہلی ستیہ گرہ کے مقام ’’ٹالسٹائے فارم‘‘ کے احیاء کیلئے حکومت مدھیہ پردیش نے ایک کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ وہاں کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے عطیہ دینے کا اعلان کیا ۔ یہ مقام اینٹ تیار کرنے کی کمپنی کی ملکیت ہے۔ چوہان نے اس مقام پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہاں کی زمین کو چھوا اور گاندھی جی کے مثالی اقدار ہمدردی، عدم تشدد اور سچائی کی طاقت کی یاددہانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدھیہ پردیش اور عوام کی جانب سے گاندھی جی کے عالمی اقدار کے تحفظ اور ان کی سربلندی کیلئے یہ عطیہ ایک علامتی تحفہ ہے ۔