بوکو حرام سے تعلق کے شبہ میں گرفتار 180 افراد رہا

بورنو (نائجیریا) 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا میں حکام نے انتہا پسند گروپ بوکو حرام سے تعلق کے شبے میں گرفتار کیے گئے 180 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔یہ رہائی ایک ایسے وقت عمل میں آئی ہے جب ایک ماہ قبل ہی انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں الزام عائد کیا تھا کہ نائیجیریا کی فوج حراست میں رکھے جانے والے افراد سے انتہائی برا سلوک کرتی ہے۔تاہم ریاست بورنو کے مرکزی شہر میدوگوری میں رہا کیے جانے والے 180 افراد میں شامل مرد و خواتین اور بچوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انھیں دوران تحویل کسی بھی طرح کے ناروا سلوک کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ان افراد میں عثمان لاوان بھی شامل ہیں جو کونڈوگا نامی قصبے میں کسان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں دو ماہ تک حراست میں رکھا گیا اور اب وہ اپنے گھر واپس جانا چاہتے ہیں۔”اگر کوئی راستہ ہو تو میں (اپنے قصبے) واپس جانا چاہتا ہوں، اگر کوئی راستہ نہیں تو میں حکومت سے میرے لیے کوئی انتظام کرنے کا کہوں گا۔