بوکوحرام کے حملے، 37 افراد ہلاک

باوچی ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کے سمبیسا جنگلات میں بوکوحرام سے تعلق رکھنے والے انتہاء پسندوں نے کم سے کم 6 دیہاتوں کو نذرآتش کردیا اور ان کے حملوں میں تقریباً 37 افراد ہلاک ہوگئے۔ بوکوحرام کے خلاف لڑنے والے ایک گروپ کے جنگجو احمد اجمی نے کہا کہ چہارشنبہ کی شب کے حملوں کے اکثر متاثرین مقامی کسان ہے جو رواں سال کے اوائل میں بوکوحرام کی جانب سے اسلامی خلافت کے اعلان کے بعد گھر چھوڑ کر دوسری جگہ پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے، انہیں فوج اور پولیس میں حال ہی میں واپس لایا تھا اور وہ اپنے گھروں میں مقیم تھے لیکن اب دوبارہ پناہ گزین بن گئے ہیں۔ عجمی نے کہا کہ ان علاقوں میں ہر طرف آگ دیکھی جارہی ہے اور گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دی جارہی ہیں جس کے نتیجہ میں زندہ بچ جانے والے افراد خوف زدہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بوکوحرام نے گذشتہ ہفتہ نائجیریائی فوج کی ان اطلاعات کی تردید کی تھی کہ عسکریت پسندو ںکی کثیر تعداد سمبیتا جنگلات میں روپوش ہے اور دعویٰ کیا تھا کہ اس کے جنگجو کئی کیلو میٹر پر محیط قصبوں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہیں لیکن ان دعوؤں کی کوئی توثیق نہیں ہوسکی ہے۔ عجمی نے کہاکہ وہ انتہائی خوف و سراسیمگی کی حالت میں دو راتیں جھاڑیوں میں چھپ کر گذارنے کے بعد آبادی میں پہنچا ہے جہاں اس نے 33 نعشوں کی تدفین میں مدد کی۔