بوکوحرام کی قید سے 63 طالبات فرار ی میں کامیاب

مائیدوگڑی (نائجیریا)۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)نائجیریا میں اغوا کی جانے والی طالبات میں سے 60 سے زائد شدت پسند گروہ بوکوحرام کے عسکریت پسندوں کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ خبر رساں ادارہ اے ایف پی کے مطابق ایک مقامی تحفظ کمیٹی کے سینئر اہلکار عباس گاوا نے بتایا کہ 63 اغوا شدہ خواتین اور لڑکیاں جمعہ کو دیر گئے واپس اپنے گھروں کو پہنچ گئی ہیں۔ ریاست بورنو کے دارالحکومت مائدوگوری کے ایک اعلیٰ سکیورٹی ملازم نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ریاست بورنو میں قائم تحفظ کمیٹی کے اعلیٰ اہلکار گاوا نے صحافیوں کو بتایا کہ ان خواتین کو وہاں سے فرار ہونے کا موقع اْس وقت ملا جب ان کو اغوا کرنے والے لڑائی کی غرض سے وہاں سے گئے ہوئے تھے: ’’انہوں نے ایک جرأت مندانہ قدم اٹھایا جب ان کے اغوا کار ایک مسلح کارروائی کے لئے وہاں سے کہیں اور روانہ ہوئے۔‘‘