مائیدوگوڑی (نائیجیریا) ، 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بوکوحرام کے بندوق برداروں نے نائجیریا کے شورش زدہ شمال مغربی ٹاؤن گووزا پر حملہ کرتے ہوئے درجنوں مکینوں کو ہلاک کردیا، مقامی لوگوں نے یہ بات بتائی۔ یہ تازہ ترین تشدد ہے جس کیلئے کٹر اسلام پسند جنگجوؤں کو موردالزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہاکہ انتہاء پسندوں نے بورنو ریاست کے دارالحکومت مائیدو گوڑی سے لگ بھگ 135 کیلو میٹر کی دوری پر واقع ٹاؤن کو کل طلوع آفتاب سے قبل نشانہ بنایا اور مکینوں کو اپنے مکانات چھوڑ کر فراری پر مجبور کیا۔ مقامی شخص جیمس نے بتایا کہ حملہ آوروں نے وہاں کئی درجن افراد کو ہلاک کردیئے، جن میں سے بعض کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے گئے۔