گوہاٹی ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آسام کے ضلع چرنگ میں دہشت گردوں نے کمسن لڑکی کو والدین کے سامنے گولی مار دی ۔ مقامی ٹیلی ویژن چینلز پر اس دلخراش واقعہ کا ویڈیو نشر کیا گیا جس کے بعد حکومت نے تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ ( این ڈی ایف بی ) کے دہشت گردوں نے کل رات یہ ویڈیو ٹی وی چینلز کو روانہ کیا جس میں 16 سالہ لڑکی کی نعش کو خون میں لت پت دکھایا گیا اور اس کے والدین وہیں موجود ہیں ۔ سرکاری ترجمان اور وزیر انڈسٹریز پراڈیوت نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ 20 اگست کو سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ انکاونٹر میں این ڈی ایف بی کے پانچ مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت کے دوسرے دن اس لڑکی کو گولی مار دی گئی ۔ این ڈی ایف بی ( ایس ) نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ لڑکی کو مخبر ہونے کی بنا ہلاک کیا گیا ہے اور یہ دوسروں کے لیے انتباہ ہے ۔