صنعتی نمائش میں بون سائی کے پودوں کے مشاہدہ میں عوام کی دلچسپی
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) کل ہند صنعتی نمائش میں بون سائی (پودوں کی نمائش) کے سہ روزہ پروگرام کا کامیاب انداز میں اختتام عمل میں آیا۔ صحت کے لئے مفید ماحول دوست پودوں کے نظام بون سائی کی نمائش کا قومی سطح پر یہ پہلا موقع تھا۔ جہاں ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور آکسیجن فراہم کرنے والے ان پودوں کا مشاہدہ اور خریداری میں عوام نے کافی دلچسپی دکھائی۔ نمائش سوسائٹی تلنگانہ ایونٹ آرگنائزیشن اور شعبہ خواتین کے باہمی اشتراک سے یہ پروگرام منعقد ہوا۔ چیرمین خالد احمد اور کنوینر سریتا مارگم نے بتایا کہ بون سائی پودوں کی نمائش میں عالمی سطح پر مقبول 100 اقسام کے پودوں کو مشاہدہ کے لئے رکھا گیا تھا۔ پہلے شہریوں میں ان پودوں کے تعلق سے آگہی نہیں تھی اور جیسے جیسے شہریوں کو ان پودوں کی اہمیت اور اس کی افادیت کا پتہ چلا اس کی خریداری میں کافی دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ شہر میں انڈیپنڈنٹ مکان کی کمی اور فلیٹ سسٹم کی کثرت کے سبب پودے لگانے کا ذوق بھی کم ہوگیا تھا۔ لیکن بون سائی پودے جو فلیٹس میں بہ آسانی رکھے جاسکتے ہیں، اس کے بعد ذوق میں اضافہ اور اس کے فائدہ بھی ظاہر ہونے لگے ہیں۔ پھلدار، خوشبودار اور آکسیجن فراہم کرنے، الرجی کو ختم کرنے والے ماحول دوست پودوں کی مانگ اب بڑھنے لگی ہے۔ اس سہ روزہ پروگرام میں پودوں کی اقسام نسل کو بتانے کے علاوہ مشاہدہ کرنے والے شہریوں کو اس کی افادیت اور ساتھ ہی مکانات اور فلیٹس میں اسے محفوظ رکھنے کے طریقہ کار کے متعلق بھی بتایا گیا۔