حیدرآباد۔/27 جون، ( سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے بونال تہوار کے پیش نظر شہر کے تمام پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔ انسپکٹران کے رتبہ سے لیکر ایڈیشنل کمشنر کے رتبہ تک تمام پولیس عہدیداروں سے انجنی کمار نے تبادلہ خیال کیا۔ اس ویڈیو کانفرنس میں 15 جولائی کو آغاز ہونے والے بونال تہوار کی سیکورٹی سے متعلق تفصیلات کا جائزہ لیا۔ اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کمشنر پولیس نے اپنے ماتحتین کو گولکنڈہ، سکندرآباد مہانکالی اور پرانے شہر کے اکنا مادنا مندر میں منعقد ہونے والے بونال تہوار کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈی ایس چوہان، جوائنٹ کمشنر پولیس اسپیشل برانچ ڈاکٹر ترون جوشی، ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی اور دیگر نے شرکت کی۔