حیدرآباد ۔ /5 اگست (سیاست نیوز) پرانے شہر میں بونال تہوار کے دوران اس وقت سنسنی پھیل گئی جب سلطان شاہی علاقے میں عارضی نصب کی گئی کمان جزوی منہدم ہوگئی ۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مندر کو آنے والے بھکتوں میں ہلچل مچ گئی ۔ تفصیلات کے بموجب پرانے شہر کے اکنامادنا مندر کے قریب خیرمقدمی کمان نصب کی گئی وہ آج صبح اچانک منہدم ہوگئی لیکن وہاں موجود چوکس پولیس عملہ نے جانی نقصان ہونے سے بچالیا ۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے فوری حرکت میں آکر کمان کو مکمل طور پر گرنے سے روک لیا اور جی ایچ ایم سی عملہ کی مدد سے اسے وہاں سے ہٹادیا ۔ بونال تہوار کے موقع پر پرانے شہر میں پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور آج مختلف مندروں میں خواتین کی جانب سے پوجا کی گئی جس کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس کی شی ٹیم نے لڑکیوں اور خواتین کو چھیڑ چھاڑ سے بچانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی ہیں ۔ کل بونال کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا جس کے پیش نظر پولیس نے بھاری پولیس کو فورس علاقے میں متعین کیا ہے ۔