اضافی عہدیداروں کی تعیناتی ۔ 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب
حیدرآباد ۔ 29 جولائی (سیاست نیوز) پرانے شہر میں منعقد ہونے والے دو روزہ بونال تہوار کے موقع پر ساؤتھ زون پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں اور ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی سواتی لکرا کو اس بندوبست کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ 31 جولائی تا یکم ؍ اگست تک جاری رہنے والے بونال تہوار کے موقع پر ساؤتھ زون میں جملہ 3000 پولیس فورس بشمول 5 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران، 21 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، 67 انسپکٹران، 110 سب انسپکٹران اور ریاپڈ ایکشن فورس کی دو کمپنیاں متعین رہیں گے۔ مندروں کے قریب 247 پولیس پکٹس بالخصوص لال دروازہ، پرانے پل کے قریب 67 اہم پولیس پکٹس کو متعین کیا جارہا ہے۔ تاریخی مرکزی بونال جلوس سلطان شاہی کے اکنامادنا مندر سے یکم ؍ اگست کو شام 4 بجے آغاز ہوگا جو مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا رات 10.30 بجے اختتام کو پہنچے گا۔ مرکزی بونال جلوس کے پرامن اختتام کیلئے پولیس نے 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں اور کثیر تعداد میں خواتین کی شرکت کے پیش نظر 20 شی ٹیمس بھی متعین کئے جارہے ہیں۔