بومن اور سونو سود کو ضائع کیا گیا: ناقدین

ممبئی ۔ 27 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہیپی نیوایئر دیکھنے والوں کا خیال ہے کہ فلم براڈپٹ کی فلم اوشین 11/12 کا چربہ ہے جہاں دیگر اداکاروں کے مقابلے بومن ایرانی اور سونوسود جیسے باصلاحیت اداکاروں کو ضائع کردیا گیا۔ ویسے بھی فرح خان جب ڈائرکشن کے میدان میں اترتی ہیں تو ان کی سوچ سب سے نرالی ہوجاتی ہے اور وہ وہی کرتی ہیں جو انہیں بہتر معلوم ہوتا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ اس وقت فلمی شائقین کو بھی بھول جاتی ہیں جو کسی بھی فلم کے بہترین جج ہوتے ہیں اور فلموں کی ناکامی یا کامیابی ان ہی کے مرہون منت ہوتی ہے ۔ بہرحال فرح خان بحیثیت ڈائرکٹر کامیاب تو ضرور ہوئی ہیں لیکن ان کی ڈائرکشن میں وہ مہارت اور چابکدستی نہیں ہے جو ان کے دیگر ہمعصروں میں پائی جاتی ہے ۔ بومن ا یرانی کے ساتھ انہوں نے ’’شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی‘‘ نامی ایک فلم میں کلیدی کردار بھی ادا کیا تھا لیکن پتہ نہیں فلم شائقین کو پسند نہیں آئی ۔ ویسے بحیثیت اداکارہ انہوں نے اپنے فن کا مظاہرہ اچھی طرح کیا تھا جہاں فلمی ناقدین نے انہیں ڈائرکٹر سے زیادہ بہتر ادکارہ بھی قرار دیا ۔ فرح خان نے پورے تین گھنٹے کی فلم بنائی ہے جس میں کہیں کہیں بوریت کا بھی احساس ہوتا ہے ۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہر دو سال میں ایک فلم ڈائرکٹ کریں اور ساتھ ہی ساتھ بطور اداکارہ کسی فلم میں بھی جلوہ گر ہوں ۔ اس طرح وہ اداکاری اور ہدایت کاری میں توازن رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔