بوفورس معاملہ: سی بی آئی کو اپیل نہ کرنے کا اٹارنی جنرل کا مشورہ

نئی دہلی۔ 30جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کے سب سے بڑے قانونی افسر اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے بوفورس دلالی معاملہ میں خصوصی اپلیکیشن دائر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ، کیونکہ اس کے رد ہو جانے کے مکمل امکانات ہیں۔ڈپارٹمنٹ آف پرسنیل اینڈ ٹریننگ کو حال ہی میں بھیجے خط میں وینو گوپال نے کہا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ میں دہلی ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف اب اپیل نہیں کرنی چاہئے ، کیونکہ اپیل دائر کرنے میں تاخیر کو بنیاد بنا کر اس کے مسترد ہو جانے کا امکان زیادہ ہے ۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ اپیل دائر کرنے کے بجائے سی بی آئی کو اسی سے متعلق ایک زیرالتوا معاملہ میں اپنا موقف مضبوطی سے رکھنا چاہئے کیونکہ جانچ ایجنسی بھی اس میں ایک فریق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک زیر التوا مقدمے کے پس منظر میں یہ معاملہ مکمل طورپر زندہ ہے اور سی بی آئی کے پاس اب بھی اپنا موقف مضبوطی سے رکھنے کا موقع موجود ہے ۔ سی بی آئی کو اپیل کرنے کا خطرہ اٹھانے کے بجائے زیر التوا معاملے میں ہی اپنا موقف مضبوطی سے رکھنا چاہئے ۔انکا اشارہ پیشے سے وکیل اور بی جے پی لیڈر اجے اگروال کی عرضی کی طرف ہے ۔ اگروال نے اس معاملہ میں دہلی ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف عدالت میں اپیل کی ہے ۔ مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ ڈی او پی ٹی نے اپیل دائر کرنے کی اجازت سے متعلق سی بی آئی کی درخواست پر اٹارني جنرل سے قانونی مشورہ مانگا تھا، جسکے جواب میں وینو گوپال نے یہ بات کہی ۔