بوفورس اسکام مقدمہ کی عاجلانہ سماعت کیلئے درخواست

نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بوفورس توپ اسکام کی عاجلانہ سماعت کے لئے ایک درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے ۔اس معاملے میں سابق میں عرضی دائر کرنے والے سینئر وکیل اجے اگروال نے کل سپریم کورٹ میں ایک تازہ درخواست داخل کرتے ہوئے خواہش کی ہے کہ بوفورس معاملے کی سماعت فوری شروع کی جائے ۔ اگروال نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ سی بی آئی کی طرف بوفورس اسکام میں معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کے 31 مئی 2005 ء کے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے دباؤ میں آکر ملزمین کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ اگروال بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر بھی ہیں، جو 2014ء کے عام انتخابات میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کیخلاف رائے بریلی پارلیمانی حلقہ سے میدان میں اترے تھے اور انہیں شکست ہوئی تھی ۔درخواست گزار نے دعوی کیا ہے کہ سی بی آئی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل اس لئے نہیں کی تھی، کیونکہ اسے اس وقت کے قانون و انصاف کی وزارت نے اجازت نہیں دی تھی، جبکہ ھندوجا برادران کے خلاف تمام الزامات کو مسترد کرنے ہائی کورٹ کا فیصلہ غلط تھا۔