بوز جانی

بچو! ابو الو فا بوز جانی ریاضی کے ماہر تھے ۔ وہ 940 ء میں ہرات اور نیشاپور کے قریب ایک مقام بوز جان میںپیدا ہوئے اور اسی نسبت سے بوز جانی کہلائے ۔انہیں بچپن ہی سے ریاضی سے دلچسپی تھی۔ ابتدائی تعلیم انہوں نے اپنے وطن ہی میںحاصل کی اور جب علم کی پیاس بڑھی تو اپنے وطن سے نکلے اور بغداد پہنچے جو اس زمانے میں علم و فن کا مرکز تھا ۔ اس وقت ان کی عمر مشکل سے بیس سال ہوگی ۔
ابوالوفا بوزجانی نے ریاضی میں خاص مہارت حاصل کی اور اس علم میں کافی اضافہ کیا۔ انہو ںنے جیومیٹری اور علم مثلث یعنی ٹرگنومیٹری میں خاص طور پر بہت سے نئے اصول وضع کئے ۔ انہو ںنے ریاضی کے بعض ایسے مسئلہ حل کئے جو اس وقت تک کوئی بھی حل نہیں کرسکا تھا ۔ علم مثلت میں جو خامیاں تھیں انہیں بوزجانی نے دور کیا۔ زاویوں کی پیمائش کے صحیح اصول متعین کئے اور کئی نئی اصطلاحیں بھی وضع کیں۔ اسلام کے اس ماہر ریاضی داں نے ریاضی اور دوسرے موضوعات پر بہت سی کتابیں لکھیں مگر ان میں سے بیشتر کتابیں اب موجود نہیں ان کی مشہور کتابوں میں کتاب علم الحساب اور کتاب ہندسہ ہے ۔ ابوالوفا جانی نے کئی یونانی کتابوں کا عربی میں ترجمہ کیا اور ان کی تشریح کی ۔