ریونت ریڈی اور سمپت کمار گرفتار، اتم کمار ریڈی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر ملاقات کی
حیدرآباد۔22 اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں کے خلاف کانگریس اور دیگر طلبہ تنظیموں کی جانب سے آج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا۔ این ایس یو آئی یوتھ کانگریس، اے بی وی پی، بی جے وائی ایم اور دیگر طلبہ تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے وقفہ وقفہ سے ہونے والے اس احتجاج سے نمٹنے کے لیے وسیع تر انتظامات کیے تھے۔ احتجاجیوں کو گرفتار کرکے مختلف پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ احتجاج کے سبب نامپلی اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں ٹریفک بری طرح متاثر رہی۔ کانگریس پارٹی کے ورکنگ پریسڈنٹ ریونت ریڈی، اے آئی سی سی کے سکریٹری سمپت کمار اور یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے کارکنوں کے ہمراہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر ان قائدین سے ملاقات کی۔ پولیس اسٹیشن پہنچ کر طلبہ کی کثیر تعداد نے قائدین سے اظہار یگانگت کیا۔ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امتحانات میں بے قاعدگیوں کی اعلی سطحی تحقیقات کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر تعلیم اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔