بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پر دھرنا، ہنمنت رائو گرفتار

طلبہ کی خودکشی کے لیے چیف منسٹر ذمہ دار، قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔24 اپریل (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت رائو نے حامیوں کے ساتھ آج بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیر لیا تھا اور انہیں بورڈ کے دفتر میں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ ہنمنت رائو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اس موقع پر پولیس اور ہنمنت رائو کے درمیان بحث تکرار ہوئی بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب طلبہ کی خودکشی کے واقعات کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما رائو کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے ان دونوں پر قتل کا مقدمہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیداروں کی پشت پناہی کی جارہی ہے تاکہ انہیں غلطیوں کی سزاء نہ ملے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی دھاندلیوں پر چیف منسٹر خاموش کیوں ہیں۔ روزانہ طلبہ کے خودکشی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ لیکن چیف منسٹر کو اس معاملہ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوںنے کے سی آر اور کے ٹی آر کی حاموشی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ 16 لوک سبھا نشستوں کی کامیابی کے لیے کے سی آر نے جتنی توجہ مبذول کی اس کا کچھ حصہ بھی 16 طلبہ کی خودکشی پر فکرمندی کے ساتھ صرف نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نتائج کے سلسلہ میں جس خانگی کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں اس کا تعلق کے ٹی آر سے ہے۔ لہٰذا کے ٹی آر کو طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے برسر عام معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے طلبہ کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کے ذریعہ ہزاروں طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے بورڈ کی کارکردگی کے بارے میں شکایات موصول ہورہی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ان تمام معاملات کی جانچ کریں۔