ایجنڈہ سے خود ڈائرکٹرس ناواقف ، سید عمر جلیل کی مصروفیت پر بھی بعض گوشے سرگرم
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، تاکہ بعض اہم فیصلے کئے جاسکیں۔ گریٹر حیدرآباد انتخابات کے سلسلہ میں مبصر کی حیثیت سے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی مصروفیت کے باوجود بعض گوشے بورڈ آف ڈائرکٹرس کے اجلاس کی تیاری کر رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈہ کو انتہائی راز میں رکھا گیا ہے اور کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائرکٹرس کو بھی ایجنڈہ سے لاعلم رکھا گیا۔ یہ اجلاس حالیہ عرصہ میں دو مرتبہ لمحہ آخر میں ملتوی کیا جاچکا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کارپوریشن کے بعض ملازمین کے حق میں فیصلے کرنے کیلئے ہنگامی اجلاس کی تیاری ہے۔ کارپوریشن کے جنرل مینجر کی جاریہ ماہ وظیفہ پر سبکدوشی ہوگی اور مختلف گوشوں سے انہیں دوبارہ بازمامور کرنے کیلئے پیروی کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری اقلیتی بہبود اور حکومت کی سطح پر بعض افراد کی تائید سے ایجنڈہ میں اس مسئلہ کو رکھا جاسکتا ہے۔ قواعد کے مطابق ریٹائرڈ عہدیداروں کی توسیع کا اختیار صرف حکومت کو ہے لیکن یہاں بورڈ آف ڈائرکٹرس میں اس بارے میں فیصلے کی تیاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق بورڈ کے ارکان کو کسی بھی وقت اجلاس کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا اور جاریہ ماہ کے اختتام سے قبل یہ اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ اجلاس کی طلبی کا انحصار سکریٹری اقلیتی بہبود پر ہے، جو بااعتبار عہدہ کارپوریشن کے صدرنشین ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بورڈ میں بعض دیگر ملازمین کی ترقی کے بارے میں فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔ موجودہ حالات میں بورڈ آف ڈائرکٹرس کے اجلاس کی طلبی نہ صرف نئے تنازعہ کو جنم دے گی بلکہ کئی رضاکارانہ تنظیمیں عدالت سے رجوع ہوسکتی ہیں۔