بورویل کے مقامات کو کھلا چھوڑنا مہنگا ثابت ہوگا

پولیس کی خصوصی مہم ، قانونی کارروائی کا آغاز
حیدرآباد /28 جون ( سیاست نیوز ) بورویلز کے مقامات کو کھلا چھوڑنا اب مہنگا ثابت ہوگا ۔ سائبرآباد پولیس نے خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بورویلز کے ہولز کو کھلا چھوڑنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمش آباد زون محترمہ پدمجا کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے آج شمس آباد زون کے راجندر نگر ، معین آباد اور مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں کارروائی انجام دی ۔ پولیس نے بورویلز کے علاوہ ملاوٹی اشیاء ، گھٹکھا اور حقہ کے خلاف بھی اقدامات کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بورویلز کے سوراخ میں لڑکی گرنے کے حادثہ کے بعد پولیس اس طرح کے اقدامات کو انجام دے رہی ہے ۔ اس دوران پولیس نے شمس آباد حدود میں 36 معین آباد حدود میں 20 اور آر بی آئی حدود میں 5 بورویلز کے کھلے گڑھوں کو بند کردیا اور متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے راجندر نگر حدود میں کل 63 مقدمات درج کئے اور 5 دیگر مقدمات جن میں ناقص اشیاء میوہ اور آئسکریم فروخت کرنے والے کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی کے مطابق معین آباد حدود میں گھٹکھا کے کل 18 مقدمات اور مائیلاردیوپلی میں 27 گھٹکھا کے مقدمات اور ایک بچہ مزدوری کے خلاف کیس درج کیا گیا ۔