حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( آصف احمد ) : جی ایچ ایم سی کے تمام 150 ڈیویژن میں سب سے زیادہ مسائل کا شکار بورا بنڈہ ڈیویژن ہے ۔ اس ڈیویژن میں کچرے کے انبار ، سڑکوں پر گندے پانی کا بہاؤ روز کا معمول ہے ۔ محلہ جات اور کالونیوں کی کوئی سڑک ایسی نہیں جہاں گڑھے اور کھڈ نہ ہوں ۔ یہاں این آر آر پورم کالونی 1 ، 2 ، 3 ، 4 اور 5 فیس پر مشتمل ہے ۔ سرکاری ملازمین کے علاوہ بلدیہ کے ملازم یہاں مقیم ہیں ۔ غریب عوام کی خاطر حکومت کی جانب سے ویکر سیکشن کالونی قائم کی گئی ۔ اس کے علاوہ ونائک نگر ، راج نگر ، راؤ نگر ، بنجارہ نگر ، سواراج نگر ، بھارت نگر ، سیلانی بابا نگر ، ایس آر ٹی نگر ، مدھرا نگر علاقوں میں بے انتہا مسائل ہیں ۔ خانگی ملازمین و کاروبار پیشہ افراد کثیر تعداد میں یہاں رہائش پذیر ہیں ۔ بورا بنڈہ کو شہر کے ہر علاقے سے بسوں کی آمد و رفت ہوتی ہے ۔ جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور گندے پانی سے تر سڑکیں یہاں کی حالت کی منہ بولتی تصویر ہے ۔ 1985-86 کے دوران بورا بنڈہ کو سلم علاقوں میں شامل کرتے ہوئے بنجارہ نگر اور بھارت نگر کو ترقی دینے کے لیے (ODA) اسکیم کے ذریعہ زیر زمین ڈرین لائن ، آبرسانی اور سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری کی گئی تھی ۔ اب اس حالت زار کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ایسے میں جب اس ڈیویژن کے کارپوریٹر و ڈپٹی مئیر ان بنیادی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے کوئی پیاکیج الاٹ کرواتے ہیں تو ان بنیادی ضرورتوں کی عوام کو فراہمی یقینی ہوگی ۔۔