بورا بنڈہ میں پولیس اسٹیشن کے قیام کی راہ ہموار، ڈپٹی مئیر فصیح الدین کی شخصی دلچسپی پر عوام رضا مند

حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بورا بنڈہ علاقہ میں پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ پولیس اسٹیشن کے قیام میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ اراضی کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے ۔ ڈپٹی مئیر بلدیہ محمد بابا فصیح الدین کی شخصی دلچسپی سے عوام نے اراضی دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس علاقہ میں اراضی کے لیے محکمہ پولیس کافی دنوں سے تلاش میں مصروف تھا تاہم این آر ریڈی پورم ہاوزنگ کوآپریٹیو سوسائٹی نے 4 کروڑ مالیتی اراضی کو دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر این آر آر ہاوزنگ سوسائٹی کے صدر ایم اے ستار نائب صدر پی ملایا سکریٹری جہانگیر نے اراضی کے دستاویزات حوالے کیے ۔ ڈپٹی مئیر نے اس سوسائٹی کو ریاست کے لیے مشعل راہ قرار دیا اور ہر طرح سے سوسائٹی کی ترقی کے لیے اقدامات کا بھروسہ دلایا ۔ اس موقع پر محمد ضیا الدین ، محمد یسین ، رحمان ، بالراج و دیگر موجود تھے ۔۔

اپرپلی راجندر نگر میں
اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح
شمس آباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : راجندر نگر حلقہ کے اپرپلی ہیپی ہومس میں اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح  ڈی ای کمل کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ سید مزمل احمد ٹی آر ایس اپرپلی ایریا کمیٹی صدر نے بتایا کہ اپرپلی کی عوام نے اسٹریٹ لائٹس ڈالنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ انتخابی مہم کے دوران ہم نے وعدہ کیا تھا کہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے گا ۔ برقی کھمبے ڈال کر اسٹریٹ لائٹس کو ڈلوایا گیا جس کیلئے GHMC کی جانب سے تین لاکھ پچاس ہزار روپئے منظور کئے گئے تھے ۔ اس کے علاوہ ہم نے دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی کوشش کررہے ہیں اور بہت جلد ان پر بھی عمل ہوگا ۔ اس موقع پر اے ای سریندر ، ڈیویڈ ، دھرما ریڈی ، ساجد خاں ، خالد علی کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔