بوتھ پر قبضہ کے الزام میں سماج وادی لیڈر گرفتار

مین پوری (اترپردیش) ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی لیڈر اور صدر پردیش ، پروسیسنگ اینڈ کنسٹرکشن کوآپریٹیو فیڈریشن لمٹیڈ مسٹر طوطا رام یادو کو حالیہ پنچایت انتخابات میں بوتھس پر قبضہ کیس کے سلسلہ میں آج گرفتار کرلیا گیا ۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر (کوتوالی) منوہر سنگھ نے ایک ا سکول کے باہر انہیں اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ہفتہ اسپورٹس تقاریب میں شرکت کے بعد باہر آرہے تھے۔ اس تقریب میں وزیر تعمیرات عامہ شیوپال سنگھ یادو اور دیگر ایس پی قائدین بھی شریک تھے ۔ قبل ازیں طوطا رام اپنے خلاف کیس کالعدم کروانے کیلئے الہ آباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے تھے لیکن عدالت نے ان کی عرض کو مسترد کردیا ہے۔ تاہم وہ عدالت میں خود سپردگی اختیار کرنے سے انکار کر رہے تھے ۔ واضح رہے کہ مین پوری پولیس نے بیوار بلاک میں بوتھ پر قبضہ کے الزام میں طوطا رام اور ان کے 20 حامیوں بشمول پریسائیڈنگ آفیسر کے خلاف ایک کیس درج کیا تھا جبکہ یوتھ پر قبضہ کی ایک ویڈیو فلم واٹس اپ پر پیش کئے جانے کے بعد یہ کارروائی کی گئی تھی۔