گیبورون (بوتسوانا) ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے بوتسوانا میں واقع کمپنیوں سے خواہش کی کہ وہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ اس وقت ہندوستان معاشی طور پر انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس موقع کا بوتسوانائی کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ 13 ویں گلوبل ایکسپو بوتسوانا 2018ء میں تجارتی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور بوتسوانا کی دیرینہ شراکت داری ہے کیونکہ دونوں ہی ممالک عوام سے عوام کے تعلقات اور جمہوری اقدار کو یکساں طور پر ملحوظ رکھتے ہیں۔ وینکیا نائیڈو اپنے تین ملکی دورہ بوتسوانا، زمبابوے اور ملاوی کے دوروں کے پہلے مرحلہ میں چہارشنبہ کو بوتسوانا پہنچے۔ انہوں نے ایکسپو کا افتتاح اپنے بوتسوانائی ہم منصب سلمبرسوگاونے کے ساتھ کیا۔ ایکسپو میں 25 ہندوستانی کمپنیوں نے بھی حصہ لیا جو کسی بھی واحد ملک سے شریک ہونے والی کمپنیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔