بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں خاتون کے اقدام خود سوزی سے سنسنی

حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) بوئن پلی پولیس اسٹیشن میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک خاتون نے اقدام خودسوزی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ سبیتا ساکن انا نگر بوئن پلی آج دوپہر ڈھائی بجے اپنے شوہر کے خلاف شکایت درج کروانے پولیس اسٹیشن پہونچی تھی۔ وہ اپنے ساتھ پٹرول لے گئی تھی اور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگالی اور چیخ و پکار کرتی ہوئی باہر نکل آئی۔ پولیس عملہ اور دیگر افراد نے آگ کو بلینکٹس کے ذریعہ بجھایا تب تک وہ 45 فیصد جھلس چکی تھی۔ پولیس نے بذریعہ ایمبولنس خاتون کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سبیتا کے ایک شخص سے ناجائز تعلقات تھے جس کے نتیجہ میں اُس کے شوہر نے اُسے مائیکے بھیج دیا تھا جس سے وہ دلبرداشتہ ہوگئی تھی۔ شوہر کے خلاف شکایت درج کروانے کے دوران اُس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔