بن غازی میں باغیوں کے خلاف فوج کی مہم

بن غازی ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی عوامی طور پر منتخبہ اور بین الاقوامی تائید یافتہ حکومت نے اس ملک کے دوسرے بڑے شہر بن غازی کے علاقوں سے انتہاء پسندوں کے کنٹرول ختم کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے، جس کے ساتھ ہی بن غازی میں آج صبے کی اولین ساعتوں سے سیکوریٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان گھمسان لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ حکومت کے وفادار خصوصی فورسیس سے وابستہ ایک عہدیدار نے کہا کہ بن غازی کے کئی علاقوں میں صبح کی اولین ساعتوں سے بیک وقت کارروائی شروع کی گئی۔ فضائی کی جانب سے زمینی فوج کی مدد کی جارہی ہے اور لڑائی جاری ہے۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’’مجھے امید ہیکہ یہ آخری لڑائی ہوگی لیکن میں نہیں سمجھتا کہ یہ لڑائی آج ہی ختم ہوجائے گی۔ بدی کی طاقتوں کے پاس اب بھی اسلحہ ہیں لیکن یہ چند دن کی بات ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی کے دوران ان کی یونٹ کے دو سپاہی ہلاک ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز کی لڑائی میں 10 ہلاک اور 23 زخمی ہوئے تھے ان میں انتہاء پسندوں کی اکثریت ہے۔ لیبیا میں امریکہ کی مدد سے کرنل معمر قذافی کی اقتدار سے بیدخلی کے فوری بعد ملک سیاسی انتشار کی گرفت میں آ گیا جس کے نتیجہ میں پرتشدد واقعات اور عوامی بغاوتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔