واشنگٹن ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں امریکی افواج نے جس شخص کو گرفتار کیا تھا کو آئندہ ہفتہ واشنگٹن کی ایک وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ اُس پر الزام ہے کہ اُس کے ذریعہ کئے گئے ایک حملہ میں 2012 ء میں بن غازی میں متعینہ امریکی سفیر ہلاک ہوگئے تھے ۔ جمعہ کے روز واشنگٹن پہنچنے والے مصطفی امام کو امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ میں آئندہ جمعہ کو شام 4 بجے پیش کیا جائے گا ۔ دریں اثناء فوجی عہدیداروں نے پنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا مصطفی امام ایک شامی شہری ہے جس کی عمر 35 تا 40سال کے درمیان ہے ۔
ٹرمپ۔ پوٹن ملاقات متوقع
ماسکو ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی امریکی ہم منصب ڈونالڈٹرمپ سے براہ راست ملاقات اگلے ہفتے متوقع ہے۔روس کے حکومتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے اس حوالے سے کہا کہ روس اور امریکی صدور کی ملاقات اگلے ہفتے ویتنام میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کے سربراہی اجلاس کے دوران ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپیک سربراہی اجلاس کے دوران ٹرمپ اور ولادیمیرپوٹن کی ملاقات کو خارج ازامکان قرار نہیں دے سکتے ہیں۔ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کا سربراہی اجلاس 11 اور 12 نومبر کو ویتنام کے تیسرے بڑے شہر دانانگ میں ہوگا۔