بنگلہ دیش کے 90 خاندان تریپورہ میں داخل

اگرتلہ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے کھگرا چیری ڈسٹرکٹ میں پائی جانے والی بے چینی اور گڑبڑ کی وجہ سے کم و بیش 90 بنگلہ دیش خاندان بغیر باڑھ کی ہند ۔ بنگلہ دیش سرحد سے تریپورہ کے دھلائی ڈسٹرکٹ میں چلے گئے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر ملند رام ٹیک جو دھلائی ڈسٹرکٹ کے موضع توئی چاکمار میں کیمپ کئے ہوئے ہیں، نے توثیق کی کہ بنگلہ دیشی شہریوں نے یہاں کے کچھ علاقوں میں دراندازی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن بنگلہ دیشی خاندانوں نے یہاں دراندازی کی ہے، ان کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جارہی ہے۔ دوسری طرف بی ایس ایف فلیگ مارچ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔

ایل جے پی ایم پی رما سنگھ کو
گرفتار کرنے لالو کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج مطالبہ کیا ہے کہ نومنتخب ویشالی کے رکن پارلیمنٹ لوک جن شکتی پارٹی کے لیڈر رما سنگھ کو گرفتار کیا جائے انھوں نے اپنے انتخابی حلف نامہ میں غلط بیانی سے کام لیا ہے جبکہ وہ اغواء کیس میں مفرور ملزم ہے۔ رما سنگھ رام ولاس پاسوان پارٹی کے 6 ارکان پارلیمنٹ میں سے ایک ہیں جنھوں نے آر جے ڈی کے نائب صدر رگھوونش پرساد سنگھ کو شکست دی تھی ۔ لالو پرساد نے کہا کہ رما سنگھ پٹرول پمپ کے مالک جئے چند یادو کا 2001 ء میں اغواء کرنے کے کیس میں ملوث ہیں۔ ان کے خلاف 2003ء میں ایک ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ بھی جاری ہوا ہے۔