شیلانگ ۔13 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی ( بی این پی ) کے سینئر لیڈر صلاح الدین احمد کو آج عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا کیونکہ وہ گردے اور قلب کے امراض کی وجہ ہاسپٹل میں شریک ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ایم کرھک رنگ نے بتایا کہ آج ہم صلاح الدین احمد کو عدالت میں پیش نہیں کرسکے ۔ وہ شیلانگ سیول ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیںجیسے ہی انھیں ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا جائیگا ہم پہلے عدالت میں پیش کریں گے ۔صلاح الدین احمد کو پیر کو گرفتار کیا گیا ۔ ڈاکٹر ڈی جے گوسوامی نے جو ان کا علاج کررہے ہیں بتایا کہ وہ گردوں کی خرابی اور قلب کے مسائل سے دوچار ہیں ، ان کے طبی معائنے کیئے گئے اور گردے میں پتھری کے لئے سرجن سے رجوع ہونے کی ضرورت ہے ۔ صلاح الدین احمد پر کارآمد دستاویز کے بغیر سفر کا الزام ہے ۔ انھیں شہر کے گولف لنک علاقہ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔