بنگلہ دیش کے متنازعہ عام انتخابات سے قبل فوج تعینات

ڈھاکہ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے آج ملک گیر سطح پر فوج تعینات کردی تاکہ 5 جنوری کے عام انتخابات سے قبل مہلک سیاسی تشدد پر قابو پایا جاسکے۔ دریں اثناء اپوزیشن کارکنوں کے حملوں سے 9 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔ فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج شہری نظم و نسق کی مدد کے لئے تعینات کی گئی ہیں۔ فوجی حملہ آور طاقت کے طور پر کارروائی نہیں کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے 9 جنوری کے فیصلہ کے مطابق فوج تعینات کی گئی ہے۔ فوج کو ابتداء میں ضلع ہیڈکوارٹرس پر مقیم رکھا جائے گا اور بتدریج تمام اضلاع، قصبوں اور شہری علاقوں کے اہم مقامات پر تعینات کردیا جائے گا۔ اِس بیان میں فوجیوں کی تعداد کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے اشارہ دیاکہ سپاہیوں کی تعداد بشمول بحریہ اور فضائیہ کا عملہ 50 ہزار ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان ایس ایم اسدالزماں نے کہاکہ ملک کے 64 اضلاع کے 59 حساس مقامات پر فوج یقینی طور پر تعینات کی جائے گی تاکہ رائے دہی کے دوران تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ اپوزیشن نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

روس میں طیارہ حادثہ کا شکار 9 افراد ہلاک
ماسکو 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) روس کا ایک کارگو طیارہ فوجی ویر ہاوز کامپلکس سائیبیریا میں آج حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں اس پر سوار تمام نو افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایمرجنسی خدمات سے متعلق وزارت نے یہ اطلاع دی ۔ کہا گیا ہے کہ انٹونوف An-12 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ سائیبیریا کے شہر نووسیبرسک سے کچھ سامان کے ساتھ ارکوتسک کیلئے روانہ ہوا تھا تاہم وہ اسٹوریج ویرہاوز کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ ہنگامی خدمات سے متعلق وزارت کے ایک ترجمان نے کہا کہ طیارہ میں اس وقت نو افراد سوار تھے جو سب ہلاک ہوچکے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ طیارہ گرنے کی وجہ سے دو عمارتوں کی چھتوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ جو عملہ ویرہاوز میں برسر کار تھا ان میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انٹرفیکس خبر رساں ادارے نے اطلاع دی کہ اس طیارہ میں اسلحہ بھی تھا ۔