بنگلہ دیش کے دو مشتبہ دہشت گرد اترپردیش میں گرفتار

نئی دہلی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں دو بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کرلیا گیا جو مشتبہ طور پر ایک دہشت گرد تنظیم کے ارکان ہیں اور ان کے قبضہ سے ایک لیاب ٹاپ ضبط کیا گیا جس میں حساس معلومات موجود ہیں۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ محمد رکت اللہ ساکن فرید پور بنگلہ دیش کو مغربی بنگال اور اترپردیش پولیس کی مشترکہ ٹیم نے 17 ڈسمبر کو دہلی کے مضافاتی علاقہ نوئیڈا میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے قبضہ سے ایک لیاب ٹاپ ضبط کیا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران رکت اللہ نے کہا تھا کہ وہ ایک اور بنگلہ دیشی عبدالعزیز سے ملاقات کیلئے سہارنپور جانے کا منصوبہ بنارہا تھا۔ عبدالعزیز بھی اس دہشت گرد سیل کا حصہ ہے جس سے رکت اللہ کا تعلق ہے۔ اس انکشاف کے بعد عزیز کو بھی گرفتار کرلیا گیا اور اس کے قبضہ سے کئی دستاویز اور نقشے برآمد کرلئے گئے حتیٰ کہ عزیز نے ہندوستانی ووٹر آئی ڈی کارڈ بھی بنالیا تھا۔ دونوں نے اترپردیش کے بعض حساس مقامات اور تنصیبات کا خفیہ جائزہ لیا تھا۔ ان دونوں کو بعدازاں کلکتہ منتقل کردیا گیا۔ بی جے پی جب اپوزیشن میں تھی اسی وقت سے بنگلہ دیشی تاریک وطن مسلمانوں کو غیرملکی دراندازاور ہندو بنگلہ دیشی تاریکین وطن کو پناہ گزین قرار دیتی رہی ہے