ڈھاکہ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 127 افراد غرق ہوکر ہلاک ہوجانے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ ایک پُرہجوم مسافر بردار کشتی 250 مسافروں کے ساتھ وسطی بنگلہ دیش کی دریائے پدما میں غرق ہوگئی۔ لاپتہ افراد کا پتہ چلانے کی ہنوز کوششیں جاری ہیں۔ کشتی کا ملبہ بھی برآمد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آج 5 مزید نعشیں دریا سے برآمد کی گئیں۔ وہ ہائم چارٹ کے علاقہ میں دریا کی سطح پر بہہ رہی تھیں۔ منشی گنج کے مجسٹریٹ ابوالکلام نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ نعشیں دریا کے دھارے پر بہتی ہوئی دستیاب ہوئیں۔ سرکاری عہدیداروں نے قبل ازیں کہا تھا کہ 118 مسافر لاپتہ ہیں، بچاؤ کارکنوں کو اندیشہ ہے کہ وہ یا تو غرق ہونے والی کشتی کے ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں یا سیلاب زدہ دریا کے دھارے کے ساتھ بہہ گئے ہیں۔ متلاطم دریا میں طاقتور موجوں نے کشتی کو اُلٹ دیا تھا اور کئی مسافر غرق ہوگئے تھے۔