بنگلہ دیش کیلئے 5.9 بلین ڈالر کی جاپانی امداد کا عہد

ٹوکیو ۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے آج بنگلہ دیش کیلئے آئندہ 5 برسوں میں 5.9 بلین امریکی ڈالر مالیت کے قرضوں اور دیگر معاشی امداد کا عہد کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ آبے نے یہ وعدہ اپنی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ سے بات چیت کے دوران کیا جو کل ٹوکیو پہنچیں۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ جاپان بنگلہ دیش کو 5.9 بلین ڈالر کی اعانت فراہم کرے گا، جس میں زیادہ تر سرکاری قرضے ہوں گے۔ یہ امداد 4 یا 5 سال کے دوران فراہم کی جائے گی۔اس رقم میں 120 بلین ین کا قرض پیاکیج شامل ہے جس کا وعدہ جاپانی وزیر خارجہ فومیو کیشیدانے مارچ میں اپنے دورۂ بنگلہ دیش کے دوران کیا تھا ۔