واشنگٹن۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ امریکہ نے وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد کو ٹیلیفون کرکے انہیں امریکی صیانتی محکموں بشمول ایف بی آئی کی مدد کا پیشکش کیا۔ یہ پیشکش ڈھاکہ کے ایک ریسٹورنٹ پر دہشت گرد حملہ کے پیش نظر کی گئی جس میں 20 یرغمالیوں کے گلے کاٹ کر انہیں ہلاک کردیا گیا۔ دریں اثناء ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات کے بموجب وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے 20 مقتول یرغمالیوں بشمول ایک ہندوستانی کو خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی۔ ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جس میں بنگلہ دیش کی سرزمین پر بدترین دہشت گرد حملہ کے مہلوک 20 یرغمالیوں کو پورے ملک کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بنگلہ دیش ملٹری اسٹیڈیم ڈھاکہ کنٹونمنٹ میں منعقدہ اس تقریب میں سیاستدانوں، سفارت کاروں اور سماج کے تمام شعبوں کے سرکردہ افراد نے مقتول یرغمالیوں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ ہندوستان، اٹلی، بنگلہ دیش، جاپان اور امریکہ کے پرچموں سے آراستہ تابوتوں پر جو مقتول یرغمالیوں کی قومیتوں کی نشاندہی کررہے تھے، ایک شہ نشین پر رکھے گئے تھے جو اس مقصد سے قائم کیا گیا تھا، وزیراعظم بنگلہ دیش نے پھول مالا چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔