ڈھاکہ۔27اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت ڈھاکہ کے نواح میں شدت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر چار شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان میں گذشتہ ماہ دارالحکومت میں ایک کیفے پر حملہ کرنے والی کالعدم تنظیم کا مبینہ منصوبہ ساز تمیم چوہدری بھی شامل ہے۔ یکم جولائی کو ہولی آرٹسن بیکری پر شدت پسندوں کے حملے میں غیر ملکیوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔پولیس کے مطابق ڈھاکہ کے جنوب میں 25 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود نارائن گنج نامی شہر کے علاقے پیکپارا میں پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس کارروائی کے بعد پولیس افسر سانور حسین نے بتایا کہ کیفے حملے کے ماسٹر مائنڈ تمیم چوہدری کو مار دیا گیا ہے۔ تمیم 2013 ء میں کینیڈا سے بنگلہ دیش لوٹے تھے اور کالعدم تنظیم جے ایم بی کی قیادت کررہے تھے۔