ڈھاکہ ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی دریائے میگھنا میں طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کشتی الٹنے سے کم از کم 29 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایم وی میراج 4 نامی کشتی ڈھاکہ سے شریعت پور جا رہی تھی کہ دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ضلع منشی گنج میں تیز ہواؤں کی وجہ سے الٹ گئی۔ ڈوبنے والی کشتی پر عورتوں اور بچوں سمیت 200 سے زیادہ افراد سوار تھے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ منشی گنج کے ڈپٹی کمشنر سیف الحسن بادل نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم امدادی ٹیموں کے ساتھ جائے حادثہ تک پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ ڈپٹی کمشنر نے خبر رساں ادارہ اے ایف پی کو بتایا کہ کشتی پر سوا
ر افراد کی صحیح تعداد معلوم نہیں لیکن امکان ہے کہ اس پر 350 افراد سوار تھے۔ ڈھاکہ میں بی بی سی کی نامہ نگار شہناز پروین کا کہنا ہے کہ تاحال اس مقام کا تعین نہیں ہو سکا ہے جہاں کشتی ڈوبی۔ مقامی پولیس سربراہ فردوس احمد نے بتایا کہ ’’کشتی مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکی ہے۔ ہم اسے تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘‘۔ مسافروں میں سے کئی تیر کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب رہے جبکہ کئی لاشیں بھی پانی سے نکال لی گئی ہیں جس میں ایک بچے کی لاش بھی شامل ہے۔