اسلام آباد ۔ 22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج اپوزیشن کے اعلیٰ سطحی قائدین کو جنگی جرائم کے الزام میں بنگلہ دیش میں پھانسی کی سزا دیئے جانے پر اظہار تشویش کیا ۔ دفتر خارجہ سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بی این پی قائدین صلاح قادرچودھری اور علی احسن مجاہد کی رحم کی درخواستیں صدر مملکت عبدالحامد نے کل شام مسترد کردی تھیں ۔ پاکستان کو اس بدبختانہ پھانسی کی سزا پر گہری تشویش ہے اور اس واقعہ پر پاکستان الجھن میں مبتلا ہوگیا ہے ۔ بیان میں پُرزور انداز میں کہا گیا ہے کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ناقص مقدمہ کے بارے میں عالمی برادری کو ردعمل ظاہر کرنا چاہیئے ۔ پاکستان نے کہا کہ ضروری ہے کہ بنگلہ دیش میں اسی جذبہ کے ساتھ مفاہمت کی جائے جس جذبہ کے ساتھ پاکستان ‘ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 9اپریل 1974ء معاہدہ ہوا تھا ۔ اس سے خیرسگالی اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا ہوگا ۔