بنگلہ دیش میں واجپائی کو اعزاز عطا کرنے کا فیصلہ

ڈھاکہ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش سابق وزیر اعظم ہندوستان اٹل بہاری واجپائی کو ملک کی پاکستان سے 1971 میں آزادی کی نمایاں تائید کرنے کیلئے انہیں اعزاز عطا کرے گا ۔ واجپائی اس وقت لوک سبھا کے رکن تھے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان جو اس کارروائی سے واقف ہیں کہا کہ بنگلہ دیش واجپائی کو ’’فرینڈس آف بنگلہ دیش نجات دہندہ جنگ ایوارڈ ‘‘ عطا کرنے کے فیصلہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو واقف کرواچکا ہے ۔ یہ وزیر اعظم کے آئندہ دورہ کے موقع پر 6 جون کو عطا کیا جائے گا ۔واجپائی علیل ہیں ۔ چنانچہ اعزاز حاصل کرنے کیلئے بنگلہ دیش کا دورہ نہیںکرسکتے ۔ نجات دہندہ جنگ 1971 کے آغاز سے ہی واجپائی نے یہ مضبوط موقف اختییار کیا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی آزادی کی تائید کریں گے ۔ وہ اس وقت بھارتیہ جن سنگھ کے صدر اور لوک سبھا کے رکن تھے ۔ انہوں نے ہندوستان میں ایک مہم شروع کی تھی ۔ بین الاقوامی سطح پر بنگلہ دیشی عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی تھی ۔ سرکاری عہدیدار نے کہا کہ اس ایوارڈ کے ساتھ ایک سپاس نامہ بھی پیش کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ بنگلہ دیش کی قومی ذمہ داری ہے کہ ہندوستانی فوجیوں کی عظیم قربانیوں کو تسلیم کیا جائے ۔