ڈھاکہ، 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک مشتبہ دہشت گرد نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ دہشت گرد گذشتہ جولائی میں ڈھاکہ میں ایک کیفے پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والوں میں شامل تھا۔ بنگلہ دیشی پولیس کے سربراہ شاھدالحق نے آج بتایا کہ مشتبہ دہشت گرد نے کل ایک چھاپے کے دوران خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ مہلوک دہشت گرد کی شناخت عبدالکریم کے طور پر کی گئی ہے اور وہ کرایہ کے ایک فلیٹ میں رہتا تھا۔ اندیشہ ہے کہ وہ کیفے حملے کے منصوبہ سازوں میں شامل رہا ہے اور اس نے اس خوف سے خود کشی کر لی کہ کہیں پولیس اس سے پوچھ گچھ میںمعلومات نہ حاصل کرلیں۔ پولیس نے پہلے کہا تھا کہ اس نے دہشت گرد کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔ ایک اور پولیس افسر سناور حسین نے آجاخباری نمائندوں کو بتایا کہ پولیس کریم کے فلیٹ پر کل چھاپہ مارنے پہنچ۔ اس نے خود کو گولی مار لی جس سے اس کی موت ہو گئی۔چھاپے کی کارروائی کے دوران پولیس کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے پانچ افسران بھی اس وقت زخمی ہو گئے جب وہاں خواتین دہشت گردوں نے مرچ پاوڈر، دھماکہ خیز مادہ اور چاقوؤں سے ان پر حملہ کر دیا۔ حملہ آور خواتین میں ایک خاتون گزشتہ ہفتے پولیس تصادم میں ہلاک ایک شخص کی بیوی تھی۔انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران پولیس کارروائی میں تین خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں، جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ان خواتین نے بھی خودکشي کی کوشش کی تھی۔