ڈھاکہ 5 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں برسر اقتدار عوامی لیگ پارٹی نے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے تاہم ان انتخابات کا اپوزیشن جماعتوں نے بائیکاٹ کیا تھا ۔ بیشتر حلقوں میں رائے دہندے گھروں سے باہر نہیں آئے اور رائے دہی کا تناسب بہت کم رہا ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بموجب وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ پارٹی نے جن 147 حلقوں میں رائے دہی ہوئی تھی ان میں سے 95 پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ جاتیہ پارٹی کو 12 نشستیں ملی ہیں جبکہ 13 نشستوںپر چھوٹی جماعتوں یا آزاد امیدواروں نے قبضہ حاصل کیا ہے ۔ شیخ حسینہ نے گوپال گنج اور رنگ پور حلقوں سے کامیابی حاصل کی ۔انتخابات میں ہوئے تشدد کے واقعات میں جملہ 21 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔