ڈھاکہ، 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حالیہ عرصے میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، جہاں 66 فیصد عوام نے ان کی قیادت کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے ۔ یہ انکشاف ایک عوامی سروے میں کیا گیا ہے ۔ واشنگٹن کی انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ (آئی آر آئی) کی سروے رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ عوامی لیگ کی زیر قیات موجودہ بنگلہ دیش حکومت کو مضبوط عوامی حمایت حاصل ہے ، جہاں اسے 64 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے ۔ پیر کے روز ‘نیشنل سروے آف بنگلہ دیش پبلک اوپنین’ نام سے جاری ہونے والا یہ سروے 10 اپریل سے 21 مئی 2018 کے درمیان کیا گیا ہے ، جس میں تقریبا پانچ ہزار لوگوں نے حصہ لیا ہے ۔ سروے کے مطابق 62 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ، جبکہ 69 فیصد لوگوں نے ملک کی موجودہ اقتصادی حالت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ 51 فیصد لوگ ملک کی موجودہ جمہوری صورتحال سے مطمئن ہیں اور 51 فیصد عوام کو بنگلہ دیش پارلیمنٹ کے کام کاج پر مکمل اعتماد ہے ۔ آئی آر آئی کے حوالے سے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے رپورٹ کے مطابق 81 فیصد لوگوں نے کہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے ۔ اسی طرح 68 فیصد لوگ ملک کی موجودہ سلامتی صورتحال سے مطمئن ہیں اور امن عامہ کو یقینی بنانے میں حکومت کی کوششیں کارگر رہی ہیں۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طورپر بنگلہ دیشی عوام ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال سے انتہائی مثبت توقع رکھتے ہیں۔بنگلہ دیش کا حقیقی مسئلہ یہ ہیکہ اسے مستقل طور پر سیلابوں کا خطرہ درپیش رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کی معیشت تہہ و بالا ہوجاتی ہے۔ آج کل پڑوسی ملک میانمار سے لاکھوں کی تعداد میں روہنگیا مسلم پناہ گزین بنگلہ دیش میں مقیم ہیں۔