بنگلہ دیش میں سیلاب ، تودے گرنے سے 14 ہلاک

ڈھاکہ ۔27 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقوں میں اچانک موسلا دھار بارش اور سیلاب جیسی صورتحال کے علاوہ تودے گرنے کی وجہ سے تقریباً 14 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث موسلا دھار بارش کا سلسلہ گزشتہ دو دن سے جاری ہے اور ندیوں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے ۔ اطراف و اکناف کے بیشتر دیہاتوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ پانی کی وجہ سے مغربی اور شمال مشرقی اضلاع کے کئی دیہات زیرآب آگئے اور سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔ کل مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے تقریباً 7 افراد زندہ دفن ہوگئے ۔ بیشتر مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور درخت جڑ سے اُکھڑ گئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سمندر کے کنارے تفریحی مقام کاکس بازار اور پڑوسی بندربن ہلس ڈسٹرکٹ بدترین متاثر رہے ۔ بنگلہ دیش میں مانسون اب بھی سرگرم ہے جس کی وجہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔ حکام نے بڑے پیمانے پر متاثرین کو محفوظ مقام منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ بندرگاہی شہر چٹگانگ اور کاکس بازار میں بیشمار خاندانوں کو عارضی پناہگاہوں میں رکھا گیا ہے ۔
قبل ازیں ماہرین نے خبردار کیا تھا کہ اگر تمام ندیوں میں پانی کی سطح مکمل ہوجائے تو پھر سارا ملک سنگین سیلاب کی لپیٹ میں ہوگا ۔